کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جاری پاکستان کپ کے پانچویں راؤنڈ میں سندھ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
سٹیٹ بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے شرجیل خان کی سنچری کی بدولت ناردرن کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 187 رنز کا مطلوبہ ہدف 28.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 74 گیندوں پر 13 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی. انہوں نے خرم منظور کے ہمراہ 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔
یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے صہیب مقصود کے 101 رنز اور اوپنر مختار احمد اور مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔
دوسری جانب این بی پی سپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 214 رنز کا مطلوبہ ہدف 46 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔