لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے دورہ نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر کے بیانات پر بہت دکھ ہوا۔ میں ان کے حمایتیوں میں شامل تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہو کراچھا لگا،کرکٹ کمیٹی میں کھیل کی ترقی کیلئے اچھی بات چیت ہوئی، کرکٹ کمیٹی کی میٹنگز باقاعدہ ہونی چاہئے،بابر اعظم کو ٹیم سلیکشن کا اختیار دینے کی صرف خبریں ہیں،اور خبریں صرف خبروں میں رہیں تو اچھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وقار یونس کا رویہ برداشت سے باہر ہوچکا، ٹیم میں واپسی کی امیدیں چھوڑ دیں: محمد عامر
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا صورتحال کے باعث ہم نے جیسی پرفارمنس دی وہ تسلی بخش تھی، قرنطینہ کے باعث تیاری ٹھیک نہیں ہو سکی، چودہ روز کا قرنطینہ آسان نہیں ہوتا،نیوزی لینڈ کا ٹور ہمیشہ مشکل ہوتا ہے،ٹیم ٹور پر وہ پرفارمنس نہیں دے سکی جو توقع تھی،ڈراپ کیچز اور خراب فیلڈنگ کا نقصان ہوا،نتیجہ توقع کے مطابق نہیں آیا لیکن کھلاڑیوں نے محنت پوری کی۔
وقار یونس نے مزید کہا کہ عامر اچھا کرکٹر ہے کوئی شک نہیں، لوگوں کو قائل کیا محمد عامر کو موقع دیا جائے، عامر کے بیانات پر بہت دکھ ہوا،میں تو محمد عامر کے حمایتیوں میں شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ریٹائرمنٹ واپس لے سکتا ہوں: محمد عامر نے بڑی شرط رکھ دی
انہوں نے مزید کہا کہ نسیم شاہ ایک بہت قابل فاسٹ باؤلر ہے،نسیم شاہ نے اپنی قابلیت کا اظہار بھی کیا، نسیم شاہ کی قابلیت پر کوئی شک نہیں، نسیم شاہ آنے والے وقت میں پاکستان کا اہم باؤلر ہوگا، ان حالات میں کسی کو بھی کہلاتے تو مشکلات ہوتیں۔