لاہور: (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا ہے کہ مصباح الحق کو جلد عہدے سے ہٹا دیا جائے گا جس کا فیصلہ ہو چکا ہے اور اینڈی فلاور نئے کوچ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے دور میں قومی ٹیم کو مسلسل تنزلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مسلسل پے در پے شکستوں کے بعد خبریں گردش کر رہیں تھیں کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
اسی حوالے سے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مصباح کی چھٹی کا فیصلہ ہوچکا ہے اور ان کی جگہ نئے کوچ کو بھی تعینات کردیا گیا لیکن اینڈی فلاور بطور نئے ہیڈ کوچ پی ایس ایل 6 کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں موجودہ کوچنگ سٹاف کو برقرار رکھنے کیساتھ جنوبی افریقا کیخلاف ہوم سیریز کے بعد کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن شعیب اختر کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور وہ صرف پی سی بی کی پالیسی کو آگے بڑھاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اینڈی فلاور ابھی عہدہ قبول نہیں کر رہے کیونکہ وہ ملتان سلطانز کے کوچ اور چاہتے ہیں کہ رواں سال پی ایس ایل سے کچھ پیسے بن جائیں، وقار یونس نوکری بچانے کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں، کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بولر مصباح الحق کے انڈر کام کر رہے ہیں مگر اب بھی ملازمت کے لالے پڑ جائیں گے، اینڈی فلاور اپنی ٹیم لے کر آرہا ہے۔