مسلسل نظر انداز جنید خان نے پاکستان سے منتقل ہونے کی تیاریاں شروع کر دیں

Published On 09 January,2021 07:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ میں کھلاڑیوں سے نا انصافی سے ایک اور کرکٹر دلبرداشتہ ہو گیا، جنید خان نے پاکستان سے منتقل ہونے کی تیاریاں شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ میں کھلاڑیوں سے نا انصافی پر کرکٹرز دلبر داشتہ ہونے لگے، جنيد خان نے پاکستان سے منتقل ہونے کی مشاورت شروع کردی، کرکٹر کو انگلینڈ اور امریکا میں پروفيشنل کرکٹ کھيلنے کی آفرز ہیں، جنيد خان جلد پی سی بی حکام سے اس حوالے سے اہم ملاقات بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں مواقع نہ ملنے کے بعد متعدد کھلاڑی پاکستان سے چھوڑ کر دیگر ممالک میں کھیلنے جا رہے ہیں، چند روز قبل قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے والے محمد عرفان جونیئر نے بھی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر دلبرداشتہ ہو کر پاکستان کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

ٹیسٹ بیٹسمین سمیع اسلم پاکستان چھوڑ کر امریکا چلے گئے۔ انہوں نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلز پہنچ کر سماجی رابطے کے ذریعہ نئے آغاز کی نوید سنادی اور دورہ نیوزی لینڈ کے 35 رکنی سکواڈ اور دورہ انگلینڈ میں شامل نہ ہونے پر دلبرداشتہ تھے، انہیں غیر معمولی اہلیت کے تحت امریکی امیگریشن مل گئی۔

سمیع اسلم کا یو ایس اے کرکٹ بورڈ سے معاہدہ طے پاگیا ہے، امریکی کرکٹ بورڈ نے سمیع اسلم سے 3 برس کا کنٹریکٹ کیا ہے، امریکی کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کرکٹر کو سالانہ پونے دو لاکھ ڈالرز ادا کرے گا، سمیع اسلم نے 13 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 758 رنز بنائے،سیزن 20-2019 میں سمیع اسلم نے 864 رنز بنائے تھے جس میں 4 سنچریز بھی شامل تھیں۔

سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مزید بھی کھیلتا رہتا تو موقع ملنا مشکل تھا، میری دلی خواہش تھی کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتا، موجودہ حالات میں امریکی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اچھی پیش کش ہوئی، جس کو میں نے قبول کر لیا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر جلال الدین اور سابق ٹیسٹ بیٹسمین آصف مجتبیٰ سمیت دیگر کرکٹرز پہلے ہی امریکا میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے نوجوان فاسٹ بولر محمد عرفان جونیئر نے دلبرداشتہ ہوکر آسٹریلیا کو اپنا نیا گھر بنا لیا تھا۔

محمد عرفان جونیئر نے سڈنی کے ویسٹرن سوبرب کرکٹ کلب جوائن کرلیا، وہ نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں سدرن پنجاب کی فرسٹ الیون میں شامل نہ ہونے پر افسردہ تھے۔

ویسٹرن سوبرب کرکٹ کلب نے سوشل میڈیا پرعرفان کی شمولیت کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ عرفان نے کلب کے ساتھ لانگ ٹرم معاہدہ کرتے ہوئے سڈنی کو اپنا نیا گھر بنالیا ہے۔

محمد عرفان جونیئر کا کہنا تھا کہ میری فرسٹ الیون میں جگہ بنتی تھی، سلیکٹرز نے من مانی کر کے اپنے لڑکوں کو شامل کیا، میں نے پی ایس ایل میں بھی پرفارمنس دی، گزشتہ سیزن میں بھی میری پرفارمنس شاندار رہی لیکن مجھے سیکنڈ الیون میں ڈال دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے نوجوان فاسٹ بولر عرفان جونیئر کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار کیا تھا۔
 

Advertisement