لاہور: (ویب ڈیسک) کیویز ٹیم کے سابق کپتان سٹیفن فلیمنگ نے دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ایک مشکل امتحان سے گزری۔
پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، بنگلا دیش اور سری لنکا سمیت ایشیا ٹیمیں کیویز کے دیس میں ہمیشہ جدوجہد کرتی ہیں، اس بار کورونا کی وجہ سے حالات غیر معمولی تھے، چند نوجوان کرکٹرز نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، ان کو مواقع ملتے رہے تو آئندہ ٹورز میں بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔
سابق کیوی بلے باز گرانٹ ایلیٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس کین ولیمسن، ٹام لیتھم، روس ٹیلر، ہینری نکولس سمیت ٹیسٹ کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو ان کے خلاف بولنگ سے بہتر باؤلرز بننے کا موقع ملا ہوگا، ڈراپ کیچز نے پاکستان کو زیادہ نقصان پہنچایا۔
کریگ میکملن نے کہا کہ بابراعظم اور حسن علی کی کمی محسوس ہوئی، پاکستانی بیٹسمینوں کو باؤنس کھیلنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔