کراچی: (دنیا نیوز) قائد اعظم ٹرافی کے بعد پاکستان ون ڈے کپ کی بھی میزبانی کراچی کو مل گئی، 33 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کل سے شہر کے تین مختلف وینیوز پر کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 8 سے 31 جنوری تک جاری رہنے والا ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، ایونٹ میں تقریبا ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، ٹورنامنٹ کے فاتح کو 50 لاکھ روپے، رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے ملیں گے۔
ایونٹ کے دوران دس لاکھ روپے بہترین پرفارمرز کے درمیان یکساں تقسیم کیے جائیں گے، پی سی بی نے پاکستان کپ کے ٹائٹل کی جیت کے لئے چھ ٹیموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے کپتان عمران فرحت اور سنٹرل پنجاب کے حسن علی ہونگے۔ خیبر پختونخواہ کی قیادت خالد عثمان اور ناردرن کی محمد نواز کریں گے، سندھ کی ٹیم کے قائد سعود شکیل اور سدرن پنجاب کے صہیب مقصود ہونگے۔