لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا ہے کہ جب بھی ٹیم میں ہوتے ہوئے زخمی ہوتا تھا تو روتا تھا تاہم اس دوران میری اہلیہ سمیعہ آرزو نے ان مشکل لمحوں میں زیادہ تر ان کا ساتھ دیا۔
ایک انٹرویو دیتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ جب میں دوبارہ زخمی ہوا تو خوش قسمتی سے میری اہلیہ بھی میرے ساتھ تھیں اور انہوں نے میرا بہت ساتھ دیا، میری چوٹ کے دوران میرا بھائی عطاء بھی میرے ساتھ تھا لیکن بنیادی طور پر سمیعہ نے میری بہت خدمت کی۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ایک بار جب وہ رو رہے تھے تو ان کی اہلیہ سمیعہ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے آئیں اور انہیں پرعزم رہنے اور سخت محنت کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 26 سالہ حسن علی گذشتہ سال مارچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)5 کے گروپ مرحلے کے اختتام کے پر زخمی ہوگئے تھے ۔
صحت یابی کے بعد حسن علی نے قائداعظم ٹرافی میں واپسی کی اور اپنی ٹیم سینٹرل پنجاب کو فائنل تک پہنچایا۔ حسن علی کو 43 وکٹیں لینے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جو ایونٹ میں کسی بھی فاسٹ بائولر کی جانب سے حاصل کردہ سب سے زیادہ وکٹیں تھیں جب کہ اس کے علاوہ انہوں نے خیبرپختونخوا کے خلاف فائنل میں سکور کی گئی ایک سنچری اور 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 273 رنز سکور کیے۔