کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب نے سلمان علی آغا اور زین عباس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سندھ کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔
عمر امین کی ناقابل شکست سنچری کی وجہ سے ناردرن نے بلوچستان کو 36 رنز اور خیبر پختونخوا نے مصدق احمد کی ناقابل شکست سنچری اور فخر زمان کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔
سٹیٹ بینک سٹیڈیم میں سندھ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.1 اوورز میں 309 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سدرن پنجاب کو میچ جیتنے کیلئے 310 رنز کا ہد ف ملا۔ سدرن پنجاب نے 48.3 اوورز میں 6 وکٹوں پر 311 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے 106 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔
یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں ناردرن نے بلوچستان کو 36 رنز سے شکست دے دی۔ ناردرن نے بلوچستان کو میچ جیتنے کیلئے 286 رنز کا ہدف دیا۔ بلوچستان کی ٹیم 46.3 اوورز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ خیبر پختونخوا نے 306 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کیا ۔ خیبر پختونخوا نے 46.3 اوورز میں 311 رنز بنائے۔ مصدق احمد پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔