لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان 15 جنوری کو کیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 20 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کروں گا، ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد حتمی 16 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے سلیکشن کمیٹی میں شامل تمام 6 ہیڈ کوچز سے مشاورت کی، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم سے بھی مشاورت کی، دورہ نیوزی لینڈ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا ہے۔
چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ۔قومی ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان سے قبل کراچی میں سلیکشن کمیٹی سے دوبارہ مشاورت کروں گا۔
دوسری طرف جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے حسن علی کی واپسی یقینی ہے۔ اوپنر عابد علی کو ٹیم میں برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعود شکیل اور ساجد خان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ شان مسعود اور حارث سہیل کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔