کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے 240 رنز کا مطلوبہ ہدف 36.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 102 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عامر عظمت اور افتخار احمد بالترتیب 45 اور 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سنٹرل پنجاب کے قاسم اکرم، عثمان قادر اور ظفر گوہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر طیب طاہر 67 جبکہ قاسم اکرم 50 اور رضا علی ڈار 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خیبر پختونخوا کے سپنر آصف آفریدی نے 39 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باؤلرز محمد عمران نے 3 اور محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے فاتح ٹیم نے ڈومیسٹک سیزن 2020-21 میں فرسٹ الیون کے تینوں ٹائٹل جیت لیے۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم اس سے قبل نیشنل ٹی 20 کپ جیتنے کیساتھ ساتھ قائداعظم ٹرافی کی بھی جوائنٹ ونر قرار پائی تھی۔