پاک جنوبی افریقا ٹیسٹ، محمد رضوان کا ’سپر مین کیچ‘، ویڈیو نے سب کے دل جیت لیے

Published On 28 January,2021 05:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کیخلاف کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز یاسر شاہ کی گیند پر زبردست کیچ پکڑ کر وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے سب کو حیران کر ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں ناقابلِ یقین کیچ پکڑنے پر سوشل میڈیا پر محمد رضوان کو خوب داد مل رہی ہے۔

28 سالہ قومی وکٹ کیپر نے یاسر شاہ کی گیند پر پروٹیز اوپنر ڈین ایلگر کا ناکام سویپ شاٹ کے بعد تقریباً ہوا میں اُڑتے ہوئے ناقابلِ یقین کیچ پکڑا جس سے کمنٹیٹرز بھی حیران رہ گئے۔

سوشل میڈیا پر بھی محمد رضوان کے کیچ کے چرچے زبان زد عام ہیں۔

شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس محمد رضوان کی صورت میں ’سُپر مین‘ موجود ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ایک ہی تو دل ہے رضوان کتنی بار جیتو گے؟۔ بعض شائقین کرکٹ محمد رضوان کو بہترین وکٹ کیپر قرار دے رہے ہیں۔
 

Advertisement