لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایس این ٹی وی کے درمیان معاہدے میں توسیع کے بعد اب ایس این ٹی وی پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین چھبیس جنوری سے شروع ہونے والی سیریز اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے میچز کی جھلکیاں دنیا کے 115 ممالک تک پہنچائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کی پاکستان میں پہلی کرکٹ سیریز ہے۔ سیریز دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل ہے۔ پی ایس ایل 2021 کے تمام 34 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
اس پارٹنرشپ کے مطابق ایس این ٹی وی ان تمام میچز کی جھلکیاں روزانہ کی بنیاد پر اپنے 1200 سے زائد کلائنٹس کو بھیجے گا۔ایس این ٹی وی کا قیام 1996 میں عمل میں آیا، یہ ایک ورلڈ کلاس اسپورٹس ویڈیو پارٹنر ہے جو کہ مجموعی طور پر 115 سے زائد ممالک میں مسلسل 24 گھنٹے اپنا کنٹنٹ بھیجتا ہے۔
ایس این ٹی وی اور پی سی بی کے درمیان شراکت داری گزشتہ سال قائم ہوئی تھی، جس کے مطابق ایس این ٹی وی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی جھلکیاں دنیا بھر میں موجود اپنے کلائنٹس کو فراہم کی تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایس این ٹی وی پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے میچز کی جھلکیاں دنیا بھر میں پہنچائے گا، جس سے ان دونوں ایونٹس کو دنیا بھر میں کوریج ملے گی۔ شراکت داری میں اس توسیع سے پی سی بی اور ایس این ٹی وی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وسیم خان کا کہنا کہ جب پاکستان کے انٹرنیشنل میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کی جھلکیاں دنیا بھر میں موجود کرکٹ فینز تک پہنچیں گی تو اس سے پاکستان کرکٹ کی پروفائل بڑھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سال سےدنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کے تشخص میں اضافہ ہوا ہے، جس کی واضح مثال مختلف ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمدہے۔