لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ اچھی کارکردگی پر سر پر چڑھادیتے ہیں اور ناقص کارکردگی پر فوراً سے نیچے گرادیتے ہیں تاہم یہ سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی بیٹنگ کامیاب تھی۔
کراچی میں ویڈیو پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہرعلی نے کہا ہے کہ ہر سیریز میں کھلاڑی پر دباؤ ہوتا ہے، پروٹیز کیخلاف سیریز میں بھی نئے کھلاڑیوں پر بھی دباؤ ہوگا، کھلاڑی کو خدشہ رہتا ہے کہ خراب کارکردگی پر اسے ٹیم سے نکال دیا جائے گا، نئے کھلاڑی بھی اپنی سکلز پر بھروسہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ دباؤ سے بالا تر ہوکرکھیل سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کریں،دباؤ سے نکالنے کے لیے فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی،لیکن اب فیملیز کو بھی پتہ چل رہا ہے کہ کیا مشکلات ہوتی ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کورونا کے حالات چیلنج ہیں، ان ہی حالات میں کھیلنا ہوگا، کپتان بابر اعظم کے واپس آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے، جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے، اس میں تجربے کار بیٹسمیںن اور باصلاحیت فاسٹ باؤلرز اور سپنرزموجود ہیں تاہم ہوم کنڈیشنز سے ہمیشہ فائدہ ہوتا ہے، ہم بھی ہوم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، گزشتہ دو ہوم سیریز میں پاکستان نے اچھی کارکردگی دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹسمین انگلینڈ میں بھی اچھا کھیلے اور نیوزی لینڈ میں بھی اچھی بیٹنگ کرنے میں کامیاب رہے تاہم مزید اچھا کر سکتے تھے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا، ہماری روایت رہی ہے کہ اچھی کارکردگی پر سر پر چڑھا لیتے ہیں، ناقص پرفارمنس پر گرا دیتے ہیں۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ ختم کرنا ہوگا، ہر کھلاڑی پر برا وقت آتا ہے،غلطیوں اور خامیوں کو دور کر رہا ہوں، کوچز رہنمائی کرتے ہیں، کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کو برقرار رکھوں، میں نے ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق منجمنٹ کے فیصلے پر عمل کرکے دیے جانے والے نمبر پر جاکر بیٹنگ کی ہے، کوچ اور کپتان کے پلان کے تحت کھیلتا ہوں ، تاہم بطور سینئر کھلاڑی سمجھتا ہوں کہ بیٹسمین کی ایک مقررہ پوزیشن ہونی چاہیے، قیادت سے الگ کیے جانے پر اظہار نہیں کروں گا۔