مشکل وقت میں اہلیہ، بھائی اور شعیب ملک نے بہت حوصلہ دیا: حسن علی

Published On 08 February,2021 06:09 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں میری اہلیہ، بھائی اور سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے بہت حوصلہ دیا۔

سیریز جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں انجری کا شکار تھا لیکن میں نے محنت نہیں چھوڑی، میرا مقصد یہی تھا کہ میں نے واپس آنا ہے اور پاکستان کے لیے پرفارمنس دینی ہے

انہوں نے کہا کہ میں جس طرح کے مشکل دور سے گزرا ہوں شائد میں لفظوں میں بھی بیان نہ کر پاؤں۔ مشکل وقت میں مجھے میری بیوی، بھائی اور اور سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے بہت حوصلہ دیا۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر کا گیند اوپر نیچے ہورہا تھا اور ہمیں معلوم تھا کہ اچھی لائن اینڈ لینتھ سے وکٹیں حاصل ہو سکتی ہیں، جشن منانے کا انداز میرا وہی رہے گا، جلد اللہ مجھے اولاد سے نواز رہے ہیں اور اسی وجہ سے مجھ پر اللہ نے رحمت کی۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میری بیگم میچ دیکھنے آئی ہوئی ہیں اور ان کو خوش کرنے کے لیے بھی نئی سیلیبریشن کی۔

حسن علی گفتگو میں وقار یونس سے ملنے والی ہدایات سے پردہ اٹھایا اور بتایا کہ وکی بھائی نے کہا کہ ہمت نہیں ہارنی اور گیند کو صحیح جگہ پر گیند کرتے رہنا ہے اس میچ میں فاسٹ بولر کے لیے باؤنس موجود تھا تو ہمارا پلان یہی تھا کہ اسٹمپ ٹو اسٹمپ بولنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایک بار ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر لیتے ہیں تو دوسرے بھی فالو کریں گے اور ایسا ہی ہوا، ہم ویسے بھی نئی گیند ملنے کا انتظار کررہے تھے۔