رضوان کی دلیرانہ سنچری، پہلے ٹی ٹونٹی میں پروٹیز کیخلاف گرین شرٹس سرخرو

Published On 11 February,2021 05:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) محمد رضوان کی دلیرانہ شاندار سنچری کی بدولت تین ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس پروٹیز کیخلاف سرخرو ہو گئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین مردِ میدان قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں پہلے کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ کے دوران مہمان ٹیم کے کپتان کلاسن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کیا۔ مہمان ٹیم کی طرف پہلا اوورز فورٹون نے کیا۔

قومی ٹیم کو پہلا نقصان بابر اعظم کی شکل میں اٹھانا پڑا، کپتان جلد بازی میں رن لینے کے چکر میں فورٹون کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ حیدر علی 16گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آل راؤنڈر حسین طلعت 11 گیندوں پر 15 سکور بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ افتخار احمد کی صورت میں گری جو 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ خوشدل شاہ سمپالا کی گیند پر فورٹون کو کیچ دے بیھٹے، انہوں نے 12 رنز بنائے۔ فہیم اشرف کی اننگز 4 تک محدود رہی۔

قومی ٹیم نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 169 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے 104 رنز بنائے۔ ان کی اس اننگز میں 7 بلندو بالا چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ محمد نواز 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پھلواکیو نے دو شکار کیے۔

ہدف کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز میلان اور ہینڈرکس نے کیا، اور پہلا اوور سپنر محمد نواز نے کیا۔

 پروٹیز کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی میلان تھے جنہوں نے 44 رنز بنائے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سنائیمین تھے جنہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کو نوجوان سپنر عثمان قادر نے آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے ڈیوڈ ملر کو 6 رنز بنا کر پویلین بھیج دیا۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیچ تھاما۔

کپتان کلاسن 12 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر خوشدل شاہ کو کیچ دے بیٹھے، پانچویں کھلاڑی ہینڈرکس جب پویلین لوٹے تو انہوں نے 42 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ پھلواکیو کی اننگز14 رنز تک محدود رہی، حارث رؤف کی گیند پر حیدر علی باؤنڈری پر کیچ تھاما۔

آخری اوورز میں مہمان ٹیم کو 19 رنز درکار تھے ، تاہم 15 رنز بنا سکی اس طرح پاکستان نے یہ میچ 3 رنز سے جیت لیا۔ مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 166 رنز بنا سکی۔ عثمان قادر اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس کے بعد کہنا تھا کہ میچ میں نئے کھلاڑیوں کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہے۔ ٹی20میں غصے پرکافی کنٹرول کرتا ہوں۔ اچھا ہدف دینے کی کوشش کرینگے۔ ٹی 20 میں فیصلے جلد کرنا پڑتے ہیں۔

مہمان کپتان کلاسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میچ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ میچ جیتنے کی کوشش کرینگے۔ ہماری ٹیم پر کوئی پریشر نہیں۔

جنوبی افریقا کے خلاف پہلے میچ کے دوران قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے

بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ۔

جنوبی افریقا کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے
میلان، ہینڈرکس، سنائیمین، کلاسن، میلر، پیٹورس، پھلواکیو، فورٹون، ڈالا، سپمالا، تبریز شمسی

یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں 13 فروری کو دوسرے اور 14 فروری کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہوں گی اور تینوں میچ فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی تھی جس میں قومی ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

قومی ٹیم نے کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور راولپنڈی میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں 95 رنز سے فتح حاصل کرکے طویل عرصے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی کی ٹیسٹ کی درجہ بندی میں ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

Advertisement