لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور زمبابوے کرکٹ نے متفقہ فیصلے کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں بورڈز نے یہ مشترکہ فیصلہ ایمرٹس ایئر لائنز کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سفری پالیسی کے اجرا کے بعد کیا ہے، ایمریٹس ایئر لائنز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آفیشل ایئر لائن ہے۔
ابتدائی طور پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو 21 فروری کو زمبابوے سے وطن لوٹنا تھا، دونوں ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 9 فروری کو ہرارے میں کھیلا گیا تھا، سیریز کا دوسرا میچ 12 فروری بروز جمعے کو کھیلا جانا تھا۔
تاہم تازہ ترین سفری پالیسی کے تحت ایمرٹس ایئر لائنز نے 13 سے 28 فروری تک ہرارے سے دبئی تک اپنا فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں بورڈز کے اعلیٰ عہدیداران نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم 12 فروری کو ہرارے سے وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے خصوصی انتظامات کے بعد ہمارے لیے دورہ ختم کرنے کا یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا تاہم اپنی ٹیم کو چوبیس گھنٹوں کے اندر سے واپس لانا ہے۔ ہم میزبان ملک کے مشکور ہیں پرامید ہیں کہ اب کسی موقع پر اس اضافے دورے کو ضروری مکمل کریں گے۔