محمد رضوان ٹی ٹونٹی میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین

Published On 11 February,2021 07:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں محمد رضوان قومی ٹیم کی جانب سے دوسری سنچری بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کیخلاف کھیلے جانے والے میچ میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری داغی، انہوں نے اپنی باری میں 104 رنز بنائے۔ اس اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ اور وہ ٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ میں 6 چھکے لگانے والے پاکستان کے تیسرے بلے باز بن گئے۔

محمد رضوان کی سنچری پاکستان کی طرف سے انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بننے والی دوسری سنچری ہے، اس سے قبل یہ اعزازسابق اوپنر احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 111 رنز کی باری کھیلی تھی۔ یہ باری انہوں نے بنگلا دیش کیخلاف 2014ء میں بنائی تھی۔

دوسری طرف محمد رضوان تینوں فارمیٹ میں سنچری سکور کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔ ان سے قبل برینڈن میکولم نے بطور وکٹ کیپر تینوں فارمیٹس میں سنچریاں کیں۔

Advertisement