لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑ کر مسلسل دوسری فتح کو گلے لگا لیا

Published On 22 February,2021 06:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے چوتھے میچ میں لاہور قلندر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑ دیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح کو گلے لگا لیا۔ اوپنر فخر زمان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے فتح گر اننگز کھیلی۔

179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے کیا۔ دونوں نے ابتدائی اوورز میں چند جاندار شارٹس کھیلے۔

 9ویں اوورز میں 64 کے مجموعی سکور پر لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

 

فخر زمان اور محمد حفیظ نے 110 سے زائد رنز کی شراکت داری بنائی۔ فخر زمان نے 82 رنز بنائے۔ حفیظ نے 73 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز نے ہدف 19ویں اوورز میں حاصل کیا۔ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز ٹام بینٹن اور حیران کن طور پر صائم ایوب نے کیا جبکہ لاہور قلندرز کی طرف سے پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کیا۔

کوئٹہ کی ٹیم کو پہلا نقصان 7 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا، جب اوپنر ٹام بینٹن 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، حارث رؤف نے وکٹ حاصل کی۔ 12 رنز پر صائم ایوب 5 سکور بنا کر شاہین شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

سرفراز احمد کی اننگز کا خاتمہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کیا، کوئٹہ کے کپتان 33 گیندوں پر 40 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کرس گیل نے 68رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور راشد خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کی اس باری میں 5 بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے۔

اعظم خان کی اننگز کا خاتمہ احمد دانیال نے کیا، بیٹسمین نے 8 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ بین کٹنگ 5 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ محمد نواز 33 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 178 رنز بنائے۔ حارث رؤف نے 3 شکار کیے۔ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال، راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 لاہور قلندرز سکواڈ:

سہیل اختر (کپتان، فخر زمان، آغا سلمان، محمد حفیظ، بین ڈنک (وکٹ کیپر) سمت پٹیل، ڈیوڈ وائز، راشد خان، احمد دانیال، شاہین آفریدی، حارث رؤف

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سکواڈ:

ٹام بینٹن، سرفراز احمد (کپتان)، کرس گیل، صائم ایوب، اعظم خان، بین کٹنگ، محمد نواز، انور علی، محمد حسنین، عثمان خان شنواری، زاہد محمود