کوشش ہے مستقبل میں بلوچستان کے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنیں: جام کمال

Published On 22 February,2021 04:58 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے اقدامات کر رہے ہیں کوشش ہے کہ مستقبل میں بلوچستان کے کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کےہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوادر اسٹیڈیم آج کل بہت مشہور ہورہا ہے لیکن ہمیں اس سے زیادہ خوشی انضمام الحق کے دورہ کوئٹہ کی ہے۔

جام کمال نے کہا کہ بلوچستان میں شروع دن سے ہی اسپورٹس اور کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ کوئٹہ اور گوادر اسٹیڈیم ہماری کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ماضی میں بلوچستان میں اسپورٹس کے فروغ پر توجہ نہیں دی گئی۔ مواقع نہ ملنا بلوچستان کے نوجوانوں کی سب سے بڑی کمزوری رہی ہے۔ دو سالوں میں بلوچستان کے نوجوانوں کا اس مقام پر لے آئیں گے کہ کوئی اگنور ہی نہیں کر سکے۔ کوشش ہے مستقبل میں بلوچستان کے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنیں۔

پی ایس ایل کے حوالےسے جام کمال نے کہا کہ فیورٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے، دعاگو ہوں کہ کوئٹہ جیتے، اس بار دیکھیں گے کہ بلوچستان کے کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہونگے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کوئٹہ آ کر بہت خوشی ہوئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان صوبے میں سپورٹس اور کرکٹ کی بہتری کیلئے بہت کام کررہے ہیں۔ لگتا ہے کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں کو مواقع نہیں ملے، کوشش ہے کہ اسکول لیول سے کرکٹ کو فروغ کے لیے اقدامات کریں تاکہ بلوچستان کے نوجوان قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ میں نام بنا سکتے ہیں۔
 

Advertisement