کراچی: (دنیا نیوز) لاہور قلندرز کا آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹاکرا، دونوں ٹیمیں شام 7 بجے میدان میں اتریں گی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج ایک ہی میچ شیڈول، پی ایس ایل سکس کا چوتھا میچ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لیں، پلان بھی فائنل ہیں۔ لاہور قلندرز نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر لیا، اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست سے دوچار کیا۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو افتتاحی مقابلے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
نفسیاتی برتری کی حامل ٹیم لاہور کو اپنے تگڑے اسکواڈ پر مان ہے۔ فخر زمان اور محمد حفیظ ، بین ڈنک بیٹنگ کی جان ہوں گے۔ بولنگ میں شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ورلڈکلاس افغانی راشد خان ٹیم زندہ دلان کی پہچان بنیں گے۔
ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد ٹیم کی شان بڑھائیں گے،جارح مزاج بلے باز کرس گیل اپنا کھیل خوب دکھائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے آخری پانچ مقابلوں میں بھی قلندرز ہی نمبر ون ہیں۔دونوں ٹیموں کے جذبوں اور دعووں نے میچ کو پہلے سے ہی دلچسپ بنا دیا، پرستاروں کا انتظار بڑھنے لگا۔