لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے شعبہ ہائی پرفارمنس نے منگل سے شروع ہونے والے ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے 24 کھلاڑیوں کو لاہور مدعو کرلیا ہے۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے جو یا تو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 میں شرکت نہیں کررہے یاوہ جو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔
کیمپ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز ان کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فزیکل فٹنس میں بہتری کے لیے کام کریں گے۔کرکٹرز کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرنیاور ان پر قابو پانے میں مدد کرنا تاکہ وہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کرسکیں،جو کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں حصہ نہیں لے رہے انہیں کھیل سے جوڑے رکھنا تاکہ وہ اپریل میں شیڈول دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاری کرسکیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹر ندیم خان کاکہنا ہے کہ اس کیمپ کے ذریعے ہم اپنے کوچز کی مدد سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانا چاہتے ہیں اور یہی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کا فلسفہ اور اسٹریٹجی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے کہ جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا حصہ تو نہیں ہیں مگر وہ اپریل میں شیڈول دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے ممکنہ اسکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ندیم خان نے کہا کہ ہم نے اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا ہے کہ جو حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم سے باہر ہوئے ہیں تاکہ وہ اپنی خامیوں پر قابو پاسکیں ، وہ پہلے ہی سیزن کے اختتام پر ایک ایسا کیمپ لگانے کا فیصلہ کرچکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیمپ کی نگرانی ثقلین مشتاق کریں گے، انہیں این ایچ پی سی کے دیگر کوچزمحمد یوسف، عتیق الزمان، عمر رشیداور محسن کمال کی معاونت بھی حاصل ہوگی، مصباح الحق اور وقار یونس بھی ممکنہ طور پر روزانہ کیمپ کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ کوچنگ کرنے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے حوالے سے اپنی قیمتی آرا بھی دیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ قومی کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کے لیے اپنی خامیوں پر قابو پانے کا بہترین موقع ہے، اس دوران ہم مسلسل کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ مستقبل قریب میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی شمولیت پر فیصلہ کیا جاسکے۔
کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، عابد علی ، احمد بشیر ، اسد شفیق ، اظہر علی ، بسم اللہ خان ، فواد عالم ، حماد اعظم ، حارث سہیل ، حسن خان ، عمران بٹ ، عرفان اللہ ، کامران غلام ، خرم شہزاد ، محمد عباس ، نعمان علی ، ریحان آفریدی ، ساجد خان ، سلمان ارشاد ، سعود شکیل ، تابش خان ، تاج ولی ، عمر خان اور یاسر شاہ ہیں ۔