کیپ ٹاون: (دنیا نیوز) سنچورین میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کرکٹ شائقین کا انتظار ختم، دورہ جنوبی افریقہ کے دوران پہلے ون ڈے میچ کا آغاز ہو گیا۔ اوپنرز مارکرم اور ڈی کوک نے مختصر شراکت داری میں 3، 3 چوکوں اور ایک ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے تھے کہ شاہین آفریدی کی بالز پر یکے بعد دیگرے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد ٹیمبا باوما صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، ہینرچ کلاسن نے بھی ان کی پیروی کی اور55 کے مجموعے پر ایک رن دے کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ریسی وینڈر اور ڈیوڈ ملر نے کیویز کی گرتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور شاندار شراکت داری میں 9 چوکوں کی مدد سے 33 ویں اوور کے اختتام تک سکور 158 تک پہنچا دیا۔
واضح رہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں جنوبی افریقہ کا پلہ بھاری رہا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 79 میچ ہوئے، پاکستان نے اٹھائیس جیتے، پچاس ہارے، ایک بے نتیجہ رہا۔ پروٹیز کے دیس میں چونتیس میچز ہوئے، گرین شرٹس نے 12 میں فتح سمیٹی، 21 میں شاہینوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔