تمام معاملات طے، پی ایس ایل کے بقیہ میچز ابو ظہبی میں ہونگے

Published On 15 May,2021 06:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز ابو ظہبی میں ہونگے، تمام معاملات طے ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز ملتوی کر دیئے گئے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ بقیہ میچز ہر حال میں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی پاکستان سپر لیگ میچز ملک میں کرانے کے حق میں نہیں: ذرائع

ذرائع کے مطابق ملتوی ہونے والے بقیہ میچز ابو ظہبی میں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (ی سی بی) کے وفد نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ساتھ تمام معاملات طے کرلیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میچز 20 جون تک مکمل کرنے کے لیے دوبارہ ری شیڈول کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام کو ایمریٹس کرکٹ بورڈ کو اپنی حکومت سے کل گرین سگنل ملنے کا انتظار ہے۔ عید کی چھٹیوں کے باعث یو اے ای حکومت سے اجازت تاحال درکار ہے۔پی سی بی اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ حکومت سے اجازت ملنے کے لیے کافی پرامید ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کا 7 رکنی وفد عید پر ہی یو اے ای میں موجود تھا۔
 

Advertisement