لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ملتوی ہونے والے میچز کرانے کے اعلان کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میچز پاکستان میں کرائے کے حق میں نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز ملتوی کر دیئے گئے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ بقیہ میچز کی تیاریوں زورو شور سے جاری ہیں۔
تاہم ایک مرتبہ پھرملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی اوسی) سے رابطہ کیا ہے۔ کراچی میں شیڈول بقیہ میچز سے متعلق حکام نے این سی او سی کو بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے ملتوی ہونیوالے میچز جون میں کرانے کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی پی ایس یل کے میچز پاکستان مین کرانے کے حق میں نہیں، بورڈ حکام میچز کرانے کے لئے این سی او سی کو منانے کے لئے کوشاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق این سی او سی کی طرف سے پی سی بی کو جواب دیا گیا ہے کہ لیگ کے بقیہ میچز کرانے ہیں تو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروا لیں،
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کو جواب ملنے کے بعد لیگ کے بقیہ میچز کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے باعث منسوخ ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز یکم جون سے کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بائیو سکیور ببل کا انتظام سنبھالنے کے لیے ایک غیر ملکی تجربہ کار کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ہونے والی بات چیت آخری مراحل میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گپٹل، رسل، شکیب پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا حصہ بن گئے
اس مرتبہ کھلاڑی اور ٹیم کے عملے کے دیگر اراکین 22 مئی سے ایک ہی ہوٹل میں سات روز تک قرنطینہ میں رہیں گے جس سے قبل ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ اس عرصے کے بعد کھلاڑیوں کو تین روزہ ٹریننگ کا موقع دیا جائے گا اور یکم جون سے ٹورنامنٹ کا دوبارہ آغاز ہو گا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ابھی کراچی میں میں منعقد ہونے والے میچ ہی جاری تھے کہ چار مارچ کو ٹورنامنٹ میں شامل سات کھلاڑیوں اور عملے کے اراکین میں کورونا کی تشخیص کے بعد ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔