لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ رواں ماہ ایک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کم سے کم پانچ بڑے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے آفرز دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
آئی سی سی 2024 سے 2031 تک مردوں کے کرکٹ ایونٹس کے حقوق کی میزبانی کیلئے بولی مانگ رہی ہے۔ 2024 سے 2031 کے دوران 4 ٹی 20 ورلڈ کپس، 2 ون ڈے ورلڈ کپس اور چیمپئنز ٹرافی کے دو ایونٹس کھیلے جائیں گے۔
ٹی 20 ورلڈ کپس 2024 ، 2026 ، 2028 ، اور 2030 میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2026 اور 2030 میں کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز ٹرافی 2024 اور 2028 میں ہوگی۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی منصوبہ بندی بھی ہر 2 سال بعد 2025 ، 2027 ، 2029 اور 2031 میں کی جائیگی۔
آئی سی سی نے احسان مانی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں اپنی بولی پیش کرنے کو کہا ہے۔ ذرائع کیمطابق پی سی بی نے اس عرصے کے دوران ہونے والے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کیلئے مضبوط بولی پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔