لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 6) میں ملتان سلطانز کو چیمپئن بنوانے والے اینڈی فلاور کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل میں ملتان سلطانزکے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ اینڈی فلاور پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیوں نہیں بن سکتے۔ ان کے ساتھ 2 پی ایس ایل سیزن اور ٹی 10 لیگ میں بھی ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، انہیں جدید دور کی کرکٹ کا بہت علم ہے۔ ان کی کوچنگ کا سٹائل بہت اچھا ہے وہ سب کی سنتے ہیں اور پھر اس پر سوچ سمجھ کر بہترین فیصلہ لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کا نیا ’’سلطان‘‘، ملتان سلطانز،پشاورزلمی کو 47 رنزسےشکست
46 سالہ اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی کامیابی کے پیچھے اینڈی کا کوچنگ انداز اور صحتمند ٹیم کا ماحول پیدا کرنے کی ان کی صلاحیتیں بنیادی وجوہات تھیں اور وہ قومی ٹیم کیلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے محمد رضوان کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین کپتان ہیں، ملتان سلطانز کے بیٹسمین صہیب مقصود نے بھی پی ایس ایل کے دوران اچھا پرفارم کیا اور ہمارے پاس ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر شاہنواز دھانی بھی تھے۔