لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل انجرڈ ہوگئے ہیں، انجری کے باعث انہوں نے قومی کرکٹ سکواڈ کے آخری دونوں پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔ انجری کے باعث حارث سہیل نے ڈربی میں کھیلے گئے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔
قومی سکواڈ کے مڈل آرڈر بلے باز کی انجری سے متعلق پی سی بی نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ان کی ری ہیب کا آغاز ہوچکا ہے اور ان کا ایم آر آئی سکین چھ جولائی کو ہوگا جس کے بعد ان کی پہلے ون ڈے میں شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آٹھ جولائی سے کارڈف سے ہوگا، قومی سکواڈ کل ڈربی سے کارڈف روانہ ہوگا۔