لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیت سکتی ہے۔ پاکستان کے پاس زبردست ٹیلنٹ موجود ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی ٹیم کا ٹاپ ٹیلنٹ ٹیم میں موجود ہے، یہ وہ لڑکے ہیں جنہوں نے پرفارمنس دکھائی ہے اور کافی عرصے سے پرفارمنس دکھا رہے ہیں، مشکل وقت میں ان کھلاڑیوں کا ہم نے حوصلہ بڑھانا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ دنیا کی کرکٹ اب تبدیل ہو گئی ہے، ہمیں دفاعی نہیں جارحانہ کرکٹ کھیلنی چاہیے، انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میچ اس چیز کو ثابت کیا ہے، ہم ٹی ٹونٹی میں بہت اچھے ہیں، لیکن 50 اوورز والا ٹمپرامنٹ قومی ٹیم میں کم ہے۔
ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں پاکستان کرکٹ بہت زیادہ کھیلا ہے اور جیتا بھی ہے، ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، متحدہ عرب امارات میں سپنرز اور بیٹسمین کا رول بہت زیادہ ہے، جب ریورس سوئنگ کا معاملہ آتا ہے تو پوری دنیا میں ہمارے باؤلرز سے بہتر ریورس سوئنگ کوئی نہیں کر سکتا، ہمارے پاس اچھا موقع ہے اور ہم محدود اوور کا ورلڈکپ جیت سکتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اپنا کرکٹ کا تجربہ پلیئرز کو دینا چاہتا ہوں، میں نے بہت محنت کی ہے، بسوں میں لٹک کر جاتا رہا ہوں، میرے سمیت قومی ٹیم کے بڑے کرکٹرز کو انڈر 14، 15، 16 اور 19 کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرنا چاہیے۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کب تک کرکٹ کھیلنی ہے مجھے نہیں پتہ، میرے والد نے جاتے جاتے دعا دی تھی کہ بیٹا کرکٹ نہیں چھوڑنی، میری دعائیں تمہارے ساتھ ہیں، ابھی تک کرکٹ چل رہی ہے، میں ابھی کرکٹ کھیلنے کے لیے پر جوش ہوں اور مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔