لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ حالات یہی بتا رہے ہیں کہ پاکستان کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی شکست ہوگی ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کی اوسط درجے کی ٹیم انتظامیہ سے کسی بہتری کی توقع نہیں ہے۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ انگلینڈ 0-3 سے سیریز جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وسیم خان اور پی سی بی انتظامیہ کی حمایت کرنا میری غلطی تھی، جب تک یہ لوگ یہاں سے جائیں گے پاکستان کرکٹ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ قومی ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے کسی بائولر کو کبھی سمجھا ہی نہیں، بطور بائولنگ کوچ بلامعاوضہ کام کرنے کو تیار ہوں۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانا ہے تو اینڈی فلاور یا رکی پونٹنگ جیسے کوچ کو لانا ہوگا، اس وقت قومی ٹیم میں کوئی ایک بھی میچور بیٹسمین نہیں ہے، موجودہ ٹیم مینجمنٹ ٹی ٹونٹی کے پلیئر ون ڈے میں اور ون ڈے کے پلیئر ٹی ٹونٹی میں کھلا رہی ہے، صہیب مقصود کو ٹی ٹونٹی کی پرفارمنس پر قومی ٹیم میں منتخب کیا اور ون ڈے میچز کھلا رہے ہیں حالانکہ سرفراز احمد سے بہتر مڈل آرڈر بیٹسمین کوئی نہیں ہے۔