میری غلطی کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہوئی: عمر اکمل نے معافی مانگ لی

Published On 07 July,2021 04:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) فکسنگ کیس کے باعث جرمانے کا سامنے کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی اورفکسنگ کی پیشکش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

کرکٹرعمراکمل نے ویڈیو میں اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ سال میرے سے غلطی ہوئی جس سے میرے کیریئر اور کرکٹ کو نقصان ہوا۔ کچھ لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا لیکن میں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن کو نہیں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیشکش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا، اعتراف کرتا ہوں میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ میں اپنی فیملی، پی سی بی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں

عمر اکمل نے کہا کہ کھلاڑیوں سے درخواست کرتا ہوں آپ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہیں اگر کوئی مشکوک شخص آپ سے رابطہ کرے تو فوری پی سی بی انٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کریں تاکہ آپ کا دامن اور کرکٹ کریئر پاک رہے۔