انگلش کھلاڑیوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے باوجود دورہ ختم کرنے کا نہیں سوچا: بابر اعظم

Published On 07 July,2021 09:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کی تیاری بہت اچھی ہے، کھلاڑیوں پر اعتماد ہے، انگلینڈ کے خلاف فتح کے لیے پر عزم ہیں۔ انگلش کھلاڑیوں میں بڑے پیمانے پر کورونا پھیلنے کے بارے پتہ چلنے کے باوجود دورہ انگلینڈ ختم کرنے کا سوچا تک نہیں تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز شروع ہونے سے دو دن قبل انگلینڈ کی ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور عملے کے 4 اراکین سمیت 7 افراد کے ٹیسٹ مثبت آ گئے تھے۔ ان تمام افراد سے قریبی روابط کی وجہ سے بقیہ سکواڈ کو فوری طوپر آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے بعد ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کا انعقاد خطرے میں نظر آنے لگا تھا لیکن انگلینڈ نے فوری طور پر نئے سکواڈ کا اعلان کردیا جو کاؤنٹی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے پوچھا گیا کہ کیا انگلش سکواڈ میں مثبت کیسز کی خبر ملنے کے بعد پاکستان واپسی کا کوئی ارادہ کیا تھا تو انہوں نے جواب دیا کہ نہیں، ہم نے اس کے بارے میں نہیں سوچا تھا، یہ دماغ میں بالکل نہیں آیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سکواڈ کے تمام اراکین کی حفاظت اور صحت کا خیال رکھیں گے، یقیناً یہ مایوس کن خبر ہے، ہمیں سمجھنا چاہیے کہ یہ کووڈ 19 کے غیرمعمولی حالات ہیں، ہم کرکٹ اور کھیل پر توجہ دے رہے ہیں۔

انگلینڈ کے نئے سکواڈ میں 9 نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے باوجود بابر اعظم بین سٹوکس الیون ٹیم کو آسان تصور کرنے یا نظر انداز کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انگلینڈ کے لیے کھیلنے والے کسی بھی کھلاڑی کو کمزور تصور نہیں کر سکتے، وہ نئے کھلاڑی ہوسکتے ہیں لیکن وہ انگلینڈ کے لیے کھیل رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ ان میں سے کچھ نے ٹی20 بلاسٹ میں کھیلے ہیں اور جن کے بارے میں ہم نہیں جانتے، ان کی پرفارمنس پر ہم نے تحقیق کی ہے۔

ایمرجنسی صورتحال میں بین سٹوکس کو انگلینڈ کی قیادت سونپی گئی ہے جو انگلی کی سرجری سے صحتیابی کے لیے گزشتہ اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔

آل راؤنڈر نے انگلینڈ کے عارضی سکواڈ سے کہا ہے کہ وہ اس غیر متوقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔

Advertisement