لاہور (ویب ڈیسک) سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق پر تنقید شعیب ملک کی ٹیم واپسی میں رکاوٹ بن گئی۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بیان دیتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو مڈل آرڈر میں کسی تجربہ کار بیٹسمین کی ضرورت ہے، اگر محمد حفیظ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں تو آپ کا باقی مڈل آرڈر ناتجربہ کار ہے۔ اعظم خان اپنی پہلی سیریز کھیل رہے ہیں اور صہیب مقصود اپنی واپسی کررہے ہیں لہذا ان کے لئے پورے مڈل آرڈر کی ذمہ داری نبھانا مشکل ہوگا۔
انضمام الحق نے کہا کہ شعیب ملک نے ماضی میں ملک کے لیے اچھا پرفارم کیا ہے،ورلڈ کپ سے قبل تجربات کے زیادہ مواقع نہیں، مجھے لگتا ہے کہ شعیب ٹی ٹونٹی کا شاندار کھلاڑی ہے اور وہ انہیں بھی شامل کرسکتے تھے لیکن لگتا ہے کہ انہوں نے ہیڈ کوچ کے خلاف بیان دینے کی پاداش میں نظرانداز کردیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے تجربات نہیں کرنے چاہئیں اور انہیں اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کو استعمال کرنا چاہئے۔
یاد رہے کہ شعیب ملک پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں 354 رنز کے ساتھ چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز 16 جولائی کو نوٹنگھم سے شروع ہوگی۔