لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ معاہدے میں مزید دو سال کی تجدید کر دی ہے، آفریدی فاؤنڈیشن مزید دو سال کے لیے پی سی بی کا چیریٹی پارٹنر رہے گا۔ پی سی بی نے 2019ء میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ دو سال کے لیے معاہدہ کیا تھا۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ پی سی بی کا شراکت دار ہے، ماضی میں ایس اے ایف کا لوگو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی کٹس پر نمایاں طور پر موجود رہ چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ مل کر ذہنی صحت کے مسائل اجاگر کرنے کے اقدامات اور پاکستان کے خاتمے کے لیے پاکستان پولیو ایراڈیکیشن پروگرام کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن 2014ء میں قائم کی تھی جس کا مقصد معاشرے میں بہتر حالات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ غریب اور بے سہارا افراد کے لیے کام کرنا تھا، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
بابر حمید کا کہنا ہے کہ وہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ پارٹنرشپ میں مزید دو سال کی توسیع پر بہت خوش ہیں، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے خود کو پاکستان کی ایک نمایاں چیریٹی فاؤنڈیشن کے طور پر منوایا ہے اس تنظیم نے پورے ملک میں غریب اور نادار افراد کے لیے کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس پارٹنرشپ کے ذریعے چیریٹی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے، ہم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کے لیے روشنی کی کرن بنے رہیں گے۔
اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پی سی بی کے ساتھ میری پارٹنر شپ کھیل کے کیریئر سے آگے بڑھ چکی ہے، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ مزید دو سال کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔