لاہور: (ویب ڈیسک) چار ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلامیچ بارش کی نذر ہو گیا جس کے باعث میچ کو بے نتیجہ ختم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بریج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، صہیب مقصود، عماد وسیم اور محمد حسنین کی جگہ شرجیل خان، اعظم خان اور محمد وسیم جونیئر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
ویسٹ انڈیز بیٹنگ:
ویسٹ انڈیز کی طرف سے اننگز کا آغاز لوئس اور لینڈل سیمنز نے کیا، جبکہ قومی ٹیم کی طرف سے پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کیا۔
اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے محمد وسیم جونیئر نے خطرناک عزائم دکھاتے ہوئے حریف بیٹسمین کو تنگ کیا اور ویسٹ انڈیز کے سینئر بیٹسمین لینڈل سیمنز کو پرخطر باؤنسر مارا جس کے باعث وہ میدان سے باہر چلے گئے۔
ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان 16 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ایون لوئس فاسٹ باؤلر حسن علی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔ نکولس پوران 13 رنز بنا کر محمد حفیظ کو وکٹ دے بیٹھے۔
51 کے مجموعی سکور پر آندرے رسل 7 رنز بنا کر عثمان قادر کا نشانہ بن گئے، وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیچ تھاما۔ محمد وسیم جونیئر نے کرس گیل کو پویلین بھیجا۔ بیٹسمین نے 7 سکور بنائے۔ ہیٹمائر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 85 رنز بنائے۔ حسن علی نے 2 جبکہ محمد وسیم جونیئر، حفیظ، عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بارش کے باعث میچ نو اوور تک محدود رکھا گیا، پہلی اننگز ختم ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث امپائر نے دونوں کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو ختم کر دیا۔
پاکستانی سکواڈ:
کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شرجیل خان، محمد حفیظ، فخر زمان، اعظم خان، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر
ویسٹ انڈیز سکواڈ:
لینڈل سیمنز، لوئس، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، پولارڈ، ڈیون براوو، ہیڈن والش، عقیل حسین، کوٹریل