لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکیورٹی ماہر کو پاکستان بھیجے گا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2003 میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ کیویز ٹیم نے ستمبر اکتوبر میں پاکستان میں وائٹ بال کرکٹ سیریز کھیلنی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ دورہ پاکستان سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا، اس سلسلے میں نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی ماہر کی خدمات حاصل کر لی ہیں، سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ رگ ڈیکاسن لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں میچز کے حوالے سے انتظامات دیکھیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سکیورٹی ادارے سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن کے ساتھ ملکر مختلف اوقات میں پاکستان میں میچز اور سیریز کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان کے دورے کا ارادہ ظاہر کیا ہوا ہے تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ سیکیورٹی ماہر کی رپورٹ کے بعد دورہ پاکستان کی تصدیق کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہیں لیکن پی سی بی نے ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔