تیسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ

Published On 01 August,2021 07:57 pm

گیانا: (دنیا نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کو شدید بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دیدی تھی۔

میزبان ٹیم کے کپتان پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے مہمان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور محمد رضوان نے کیا۔ دونوں نے ابتدا میں جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے۔ طویل عرصے بعد پاکستان کی اوپننگ جوڑی کو تبدیل کیا گیا تھا۔

پانچویں اوورز میں شرجیل خان 16 گیندوں پر 20 رنز بنائے تھے کہ ہولڈر کا نشانہ بن گئے۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 58 گیندوں پر 67 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

113 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 46 رنز بنائے۔ بابر اعظم جیسن ہولڈر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے اپنے کیریئر کی 20 ویں ففٹی بنائی اور 51 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

دیگر بیٹسمینوں میں محمد حفیظ 6 ، فخر زمان 15، حسن علی0، صہیب مقصود 5، شاداب 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوور میں 157 رنز بنائے۔ ہولڈر نے 4 شکار کیے، براوو کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے اننگز کا آغاز آندرے فلیچر اور لوئس کیا، آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر فلیچر کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ کرس گیل ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

شیمرون ہیٹمائر کی اننگز کا خاتمہ محمد وسیم نے کیا، بیٹسمین نے 17 سکور کی باری کھیلی۔ ایون لوئس 35 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ پولارڈ 13 سکور بنا کر پویلین لوٹے۔ شاہین شاہ نے وکٹ حاصل کی۔

نکولس پوران نے مزاحمتی 62 رنز کی اننگز کھیلی جو رائیگاں گئی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 150 رنز بنا سکی۔ حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد حفیظ اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سیریز کا پہلامیچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے اننگز کا آغاز لوئس اور لینڈل سیمنز نے کیا، جبکہ قومی ٹیم کی طرف سے پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کیا۔

اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے محمد وسیم جونیئر نے خطرناک عزائم دکھاتے ہوئے حریف بیٹسمین کو تنگ کیا اور ویسٹ انڈیز کے سینئر بیٹسمین لینڈل سیمنز کو پرخطر باؤنسر مارا جس کے باعث وہ میدان سے باہر چلے گئے۔

ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان 16 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ایون لوئس فاسٹ باؤلر حسن علی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔ نکولس پوران 13 رنز بنا کر محمد حفیظ کو وکٹ دے بیٹھے۔

اکیاون کے مجموعی سکور پر آندرے رسل 7 رنز بنا کر عثمان قادر کا نشانہ بن گئے، وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیچ تھاما۔ محمد وسیم جونیئر نے کرس گیل کو پویلین بھیجا۔ بیٹسمین نے 7 سکور بنائے۔ ہیٹمائر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 85 رنز بنائے۔ حسن علی نے 2 جبکہ محمد وسیم جونیئر، حفیظ، عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بارش کے باعث میچ نو اوور تک محدود رکھا گیا، پہلی اننگز ختم ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث امپائر نے دونوں کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو ختم کر دیا۔
 

Advertisement