شائقین کرکٹ کا 18سال بعد پاکستان آمد پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بھرپور استقبال کا اعلان

Published On 08 September,2021 09:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شائقین کرکٹ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اٹھارہ سال بعد دورہ پاکستان پر بہت خوش ہیں اور وہ مہمان ٹیم کا راولپنڈی اور لاہور میں بھرپور استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کسی بھی کھیل کی پذیرائی کا اندازہ مداحوں میں اس کی مقبولیت سے لگایا جاتا ہے، یہ مداح ہی تو ہیں جو کسی بھی کھیل کی حقیقی ترجمانی کرتے ہیں، کرکٹ کی اصل روح بھی شائقین کرکٹ کو قرار دیا جاتا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ کیونکہ وہ نہ صرف سٹیڈیم پہنچ کر اپنی ٹیم کو بھرپور داد سے نوازتے ہیں بلکہ گراؤنڈ کے چاروں اطراف مختلف سٹینڈز میں بیٹھے یہ تماشائی پاکستان کا دورہ کرنے والی ہر ٹیم کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

شائقین کرکٹ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اٹھارہ سال بعد دورہ پاکستان پر بہت خوش ہیں اور وہ مہمان ٹیم کا راولپنڈی اور لاہور میں بھرپور استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

مہمان ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے گیارہ ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی، یہ تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

چاچا کرکٹ، سیالکوٹ:
قومی ٹیم کے معروف پرستار محمد جلیل عرف چاچا کرکٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اٹھارہ سال قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو آخری مرتبہ پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا، خوشی ہے کہ وہ اب ایک طویل عرصے بعد دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے سٹیڈیم کا رُخ کریں گے۔

چھوٹا چاچا کرکٹ، لاہور:
چھوٹا چاچا کرکٹ کا کہنا ہے کہ ویسے تو ان کی عمر 61 سال ہے مگر ان کی کرکٹ سے محبت اور وابستگی اتنی شدید ہے کہ وہ جب بھی کرکٹ کا میچ دیکھتے ہیں یا اس سے متعلق کوئی بھی بات سنتے ہیں تو پر جوش ہو جاتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ان کی عمر اٹھارہ سال ہو گئی ہے۔

لیلیٰ رضوی، کراچی:
کراچی سے تعلق رکھنے والی قومی کرکٹ ٹیم کی مداح لیلیٰ رضوی کا کہنا ہے کہ وہ اس تاریخی سیریز کے آغاز کی شدت سے منتظر ہیں۔ دل کی گہرائیوں سے بابر اعظم کی ٹیم کی مکمل حمایت کر رہی ہوں۔

زہرا اور یزدان (ننھے پرستار) لاہور:

لاہور کے دو ننھے پرستار زہرا اور یزدان کا کہنا ہے کہ وہ بابر اعظم اور ٹام لیتھم کی ٹیموں کو مد مقابل دیکھنے کے منتظر ہیں، وہ دونوں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پانچوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز دیکھنے کے لیے قذافی سٹیڈیم لاہورکا رُخ کریں گے۔

ماما کرکٹ، سندھ:

سندھ سے تعلق رکھنے والی پاکستان کرکٹ کے پرستار، ماما کرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

فاطمہ بلال، لاہور:
لاہور سے تعلق رکھنے والی کرکٹ فین فاطمہ بلال کا کہنا ہے کہ وہ مہمان ٹیم کی پاکستان آمد پر بہت خوش ہیں، خوشی ہے کہ آئندہ چند روز میں اپنے شہر میں سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

امجد پہلوان، اسلام آباد:

امجد پہلوان کا کہنا ہے کہ وہ بابر اعظم کے بہت بڑے پرستار ہیں اور وہ اپنے فیورٹ کرکٹر کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا رُخ ضرور کریں گے۔

آمنہ فاروق، لاہور:
لاہور سے تعلق رکھنے والی آمنہ فاروق کا کہنا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 18 سال بعد پاکستان کے دورہ پر بہت خوش ہیں اور پاکستان کرکٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔

طیبہ رضوی، لاہور:

طیبہ رضوی کا کہنا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔

چاچا پاکستانی، لاہور:

چاچا پاکستانی کا کہنا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ کا استقبال کرنے کے لیے ایک خصوصی پوسٹر اٹھائے سٹیڈیم کا رُخ کریں گے، وہ اسٹینڈ سے نیوزی لینڈ کا جھنڈا بھی فضا میں سر بلند کریں گے۔

مسٹر پاکستان، لاہور:

مسٹر پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ سے بہت پیار کرتے ہیں، اور وہ کسی ایک ٹیم کی حمایت کی بجائے اس سیریز میں لگنے والی ہر باؤنڈری، گرنے والی ہر وکٹ اور پھینکی جانے والی ہر گیند پر بھرپور داد دیں گے۔