ثقلین مشتاق نے مصباح، وقار کیلئے بھاگ جانے کے الفاظ نامناسب قرار دے دیئے

Published On 07 September,2021 04:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ہیڈ کوچ بننے والے ثقلین مشتاق نے مصباح الحق اور وقار یونس کیلیے ’بھاگ جانے کے الفاظ‘ کو نامناسب قرار دے دیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ باقاعدہ سنبھالنے سے پہلے ہی بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ سابق فاسٹ بولر وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان عہدوں پر سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق اور سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کو عارضی طور پر تعینات کردیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ دونوں سابق کپتانوں اور کوچز کے لئے بھاگ جانے کے الفاظ مناسب نہیں، مصباح اور وقار کا دستبردار ہونا ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ اعزاز ہے پوری توجہ نیوزی لینڈ کی سیریز پر ہے، مستقبل کی کوچنگ کا بعد میں سوچیں گے، ہار کے خوف سے نکل کر جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہو گی، ہار جیت کی ذمہ داری سینہ تان کر قبول کروں گا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رو ز کیا ہوا لیکن میری نظریں کل پر ہیں، میری قومی ٹیم کو بہتر بنانے پر نظریں ہیں۔ اگر کیویز کیخلاف بہترین کارکردگی دکھائیں گے تو اس کا کریڈٹ سپورٹ سٹاف کو ہی جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی کرکٹرز کی مثالیں نہیں دینی چاہیے، ہمارے پاس لیجنڈز کرکٹر موجود ہیں ہمیں ان کی مثال دینی چاہیے۔