لاہور:(دنیا نیوز)قومی ٹی 20 کپ کا دوسرا مرحلہ کل سے لاہور میں شروع ہو گا ، ٹائٹل مقابلہ 13 اکتوبر کو شیڈول جبکہ ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ پندرہ تاریخ کو دبئی روانہ ہو گا ۔
زندہ دلان کے شہرلاہور میں قومی ایونٹ کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہو گا ،تمام چھ ٹیمیں قذافی سٹیڈیم میں اِن ایکشن ہوں گی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے چھ ،چھ میچز کے پہلے مرحلے میں ٹیم سندھ نمبرون، دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا دوسرے اور کپتان بابر اعظم الیون سنٹرل پنجاب تیسرے نمبر پر رہی۔
اب قذافی سٹیڈیم میں بھی روزانہ میچ کھیلے جائیں گےجبکہ کل سرفہرست سندھ اور سنٹرل پنجاب دن تین بجے مدمقابل ہوں گی۔
نمبر چار ٹیم ناردرن کا میچ بلوچستان سے رات ساڑھے سات بجے میدان میں کھیلا جائیگا جبکہ ٹی 20 کا نیشنل چیمپئن کون ہوگا اس کا فیصلہ تیرہ اکتوبر کو ہو گا۔
دوسری جانب ورلڈکپ میں شرکت کے لیے قومی سکواڈ 15 اکتوبر کو چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے باؤلنگ کوچ ورنن فلینڈر جمعرات کو پاکستان پہنچ جائیں گے جبکہ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن آسٹریلیا سے ڈائریکٹ یو اے ای پہنچیں گے۔