ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے بھاری انعامی رقم کا اعلان

Published On 11 October,2021 09:19 am

دبئی: (روزنامہ دنیا) آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے بھاری انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔ میگا ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام سولہ ٹیموں میں مجموعی طور پر 56 لاکھ ڈالرز تقسیم کئے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم 16 لاکھ ڈالرز وصول کرے گی جو کہ پاکستانی کرنسی میں تقریباً 27 کروڑ 2 لاکھ روپے بنتے ہیں جبکہ رنرز اپ سائیڈ کو آٹھ لاکھ ڈالرز دئیے جائیں گے جو کہ پاکستانی کرنسی میں تقریباً تیرہ کروڑ 66 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ سیمی فائنل میں ناکام رہنے والی دونوں ٹیموں کو چار، چار لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

سپر بارہ راؤنڈ کے لئے ایک لاکھ بیس ہزار ڈالرز مختص کئے گئے ہیں اور ہر میچ کی فاتح ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز دئیے جائیں گے۔ سپر 12 مرحلے میں ناک آؤٹ ہونے والی ٹیموں کے لئے پانچ لاکھ ساٹھ ہزار ڈالرز کی رقم رکھی گئی ہے اور ہر ٹیم کو 70ہزار ڈالرزسے نوازا جائے گا۔

ابتدائی راؤنڈ میں میچ جیتنے والی ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز دئیے جائیں گے۔ اگر سپر 12 راؤنڈ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے کوئی ٹیم ورلڈکپ کی فاتح ہوتی ہے تو اس کے اکاؤنٹ میں پاکستانی کرنسی کے مطابق 32 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہوجائے گی۔
 

Advertisement