لاہور:(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں آئرلینڈ،نیدر لینڈ،سکاٹ لینڈ اور سری لنکا نے کامیابی سمیٹ لی۔
متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )ٹی 20ورلڈ کپ میں وارم اپ میچز کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں آئرلینڈ کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 33رنز کی شکست سے دوچار کیا۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 3وکٹوں کے نقصان پر 177رنز بنائے ،جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور144سکور بناکر آؤٹ ہوگئی۔فاتح ٹیم کی جانب سے گیرتھ ڈیلانی نے ناقابل شکست 88رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،ان کی اننگز میں 8چھکے اور 3چوکے شامل تھے۔
سری لنکا بمقابلہ پاپوا نیو گنی
ایک اور وارم اپ میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے پاپوا نیو گنی کو39رنز سے مات دیدی۔اس طرح سری لنکا نے وارم اپ میچز میں دوسری فتح اپنے نام کی۔
فاتح ٹٰیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5وکٹوں کے نقصان162رنز بنائے ،ہدف کے تعاقب میں پاپوا نیو گنی کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 123سکور بناسکی۔
نیدر لینڈ بمقابلہ عمان
دبئی میں کھیلے گئے ایک اور وارم اپ میچ میں نیدر لینڈ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد عمان کو 4رنز سے پچھاڑ دیا۔
نیدر لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 161رنز بنائے،ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر بدقسمتی سے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 165سکور بناسکی اور 4رنز کی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
سکاٹ لینڈ بمقابلہ نمیبیا
ٹی 20ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو 19رنز سے زیر کرلیا۔
سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے 7وکٹوں کے نقصان پر 203رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا جس کے جواب میں نمیبیا کی ٹیم نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر وہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 184رنز بناسکی،اس طرح اسے 19رنز کی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔