ٹی 20ورلڈ کپ:وارم اپ میچ،پروٹیز نے شاہینوں کے پنجوں سے فتح چھین لی

Published On 20 October,2021 07:01 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پروٹیز نے شاہینوں کے پنجوں سے سنسنی خیز مقابلے کے بعدآخری گیند پرچوکے کی مدد سے فتح چھین لی۔

ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا دوسرا وارم اپ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جس میں پروٹیز نے ٹاس جیت کر پہلے  فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنائے،فخرزمان نے 28گیندوں پر52رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آصف علی 32اور شعیب ملک 28سکور بناکر نمایاں بیٹر رہے ،کپتان بابر اعظم 15رنز بناسکے۔

187رنز کاہدف پروٹیز کرکٹ ٹیم سنسی خیز مقابلے کے بعد 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ،عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے وان ڈیر ڈوسن نے ناقابل شکست101رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو سنسنی خیز میچ جتوایاجبکہ کپتان ٹیمبا باووما نے 46رنز بنائے۔

پاکستان کا سکواڈ

پاکستان کے 15رکنی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان) شاداب خان (نائب کپتان)،شعیب ملک،محمد حفیظ، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد (متبادل وکٹ کیپر) شاہین شاہ آفریدی،خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادرشامل ہیں۔

جنوبی افریقی سکواڈ
ٹی 20ورلڈ کپ کے لئے پروٹیز سکواڈ میں ٹیمبا باووما(کپتان) ، کیشو مہاراج ، کوئنٹن ڈی کوک ، جان فارٹوئن، ریزا ہینڈرکس ، ہینرک کلاسین ، ایڈن مارکرم ، ڈیوڈ ملر ، میولڈر ، لونگی نگیدی ، اینریک نارکھیا ، ڈریوین پریٹوریس ، کگیسو ربادا ، تبریز شمسی اور راسی وین ڈیر ڈوسن شامل ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز کا شیڈول
24 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ بھارت سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔
26 اکتوبرکو پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔
29 اکتوبرکو پاکستان کا افغانستان سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔
2 نومبرکو پاکستان کا مقابلہ اے ٹوسے شیخ زاید انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ہوگا۔
7 نومبرکو پاکستان کا مقابلہ بی ون سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔