ٹی20 ورلڈ کپ:پاکستان نمیبیا کو45رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Published On 02 November,2021 06:27 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان نمیبیا کو 45رنز سے ہرا کر گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس کی آئی سی سی کی جانب سے تصدیق کردی گئی ہے۔

ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 31واں میچ کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے حریف ٹیم نمیبیا کے خلاف پہلے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ  کی دعوت دی تھی۔

گرین شرٹس  اننگز

نمیبیا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 189رنز بنائے ،بابر اعظم 70رنز بناکر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر فخر زمان تھے جو صرف 5رنز بناکر پویلین لوٹے۔

شاہینوں کی جانب سے محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے50گیندوں پر 4چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 79رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ32سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نمیبیا اننگز

پاکستان کے خلاف 190رنز ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی جانب سے سٹیفن بارڈ اور مائیکل وان لینگن نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ گرین شرٹس کے شاہین شاہ آفریدی نے پہلا اوور کرایا۔

نمیبیا کو پہلی وکٹ کا نقصان مائیکل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو کہ صرف 4سکور بناکر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

190رنز کا ہدف نمیبیا کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 144رنزبناسکی،ڈیوڈ ویزے 43رنز  ناٹ آؤٹ بناکر ٹاسپ سکورر رہے جبکہ کریگ ولیمز 40اور سٹیفن بارڈ 29رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے،پاکستان کی جانب سے عماد،حسن،حارث اورشاداب خان نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

 محمد رضوان کو شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر  میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان سکواڈ

 پاکستان پلئینگ الیون میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان، محمد حفیظ ، شعیب ملک ، آصف علی ، عماد وسیم،شاداب خان ، حسن علی ، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل تھے۔

 نمیبیا سکواڈ

پاکستان کے خلاف میچ کے لئے نمیبیا کی پلیئنگ الیون میں کپتان جیرہارڈ ایراسموس ،سٹیفن بارڈ،مائیکل لینگن،کریگ ولیمز،ڈیوڈ ویزے،جے جے سمتھ،نکول لوفٹن،زین گرین،جان فرائی لنک،روبن ٹرمپلمین اور بین شیکنگو شامل تھے۔

بابر اعظم،محمد رضوان

میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بہترین کارکرگی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں،حسن علی نے نئے بال سے اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کیا جبکہ محمد حفیظ کا فارم میں آنا ٹیم کے لئے بہت اچھا ہے،جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے اور سیمی فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

نمیبیا کے خلاف میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے محمد رضوان نے کہا کہ آج بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا،باؤلرز نے ایک مرتبہ پھر اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ پوری ٹیم محنت کررہی ہے ،قوم دعاؤں میں یاد رکھے۔

گروپ پوزیشن

نمیبیا کو شکست دینے کے بعد پاکستان کی اپنے گروپ میں 8پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن ہے جبکہ افغانستان 4پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

گروپ2 میں اس وقت دلچسپ صورتحال ہے کیونکہ بھارت ،نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیم میں سے ایک ٹیم فائنل فور کے لئے کوالیفائی کرے گی،اگر مگر کی صورتحال میں بھارت تین میچ جیت بھی جاتا ہے تو اسے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا۔

یہاں بتاتے چلیں کہ نیوزی لینڈ کے بقایا تین میچز افغانستان،نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف ہیں،اس وقت کیویز کا سخت مقابلہ افغانستان کے ساتھ متوقع ہے،اگر افغان ٹیم ولیمسن الیون کو شکست دے دیتی ہے تو اس گروپ کی صورتحال مزید دلچسپ ہوجائے گی،کیونکہ افغانستان کا نیٹ رن ریٹ اس وقت نیوزی لینڈ اور بھارت سے کہیں بہتر ہے۔

اگر کیویز ٹیم اپنے بقیہ تینوں میچ جیت جاتی ہے تو افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوجائیں گی۔

میچ کی جھلکیاں

Advertisement