لاہور:(ویب ڈیسک) کرکٹ کا شوق رکھنے والے شائقین کھلاڑیوں کے کھیل اور اُن کی طرز زندگی کے بارے میں اچھی طرح واقف ہوتے ہیں۔ کرکٹرز کی سرگرمیوں سے لے کر میدان میں وہ کس طرح اپنے کھیل کو سرانجام دیتے ہیں ان تمام تر چیزوں کے بارے کرکٹ کے مداح جاننے کا شوق رکھتے ہیں۔آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ کرکٹرز کی شرٹ کے پیچھے نام کے ساتھ ہندسے بھی موجود ہوتے ہیں جو ذہنوں میں سوال بھی پیدا کرتے ہیں کہ آخر اُن ہندسوں کا مقصد اور مطلب ہوتا ہے؟آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کھلاڑیوں کی اسپورٹس شرٹس کے پیچھے نمبرزکی کہانی کیا ہوتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنی شرٹس کے پیچھے لگے نمبرز کی کہانی کے بارے میں بتاتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شرٹ کا نمبر 56 ہے جس کی کہانی کے بارے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے میرے پاس شرٹ کے نمبر کی آپشن 33تھی لیکن مجھے 56نمبر اچھا لگا تو میں نے وہ رکھ لیا۔
بابر اعظم
ویڈیو میں بابر اعظم نے کہا کہ اب یہ نمبر میرے کرکٹ کیریئر کا حصہ بن چکا ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اس نمبر کی لاج رکھوں ،اس نمبر کی وجہ سے میں فخر محسوس کرتا ہوں جبکہ میں اسی نمبر 56کولیکر ایک برانڈ بھی لانچ کررہا ہوں۔
محمدرضوان
بھارت کے خلاف میچ کے ہیرو محمد رضوان نے اپنے نمبر 16 کے پیچھے کی کہانی کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ میرے کیریئر کی جو پہلی اننگز تھی اس میں انہوں نے 16رنز بنائے تھے،اس کے بعد یہ نمبر میرے لئے خوش قسمتی کی علامت بن گیا کیونکہ میری اور میری اہلیہ کی تاریخ پیدائش میں بھی 6کا ہندسہ آتا ہے جبکہ میری دونوں بیٹیوں کے تاریخ پیدائش میں بھی 6 کا ہندسہ آتا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی
قومی ٹیم کے بائین ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے نمبر کے پیچھے کہانی کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے میری شرٹ کا نمبر 40تھا مگر اس کے بعد میری خواہش تھی کہ میرا نمبر شاہد آفریدی کی شرٹ کا جو نمبر تھا وہی ہو اس لئے بعد میں اپنی شرٹ کا نمبر 10رکھ لیا کیونکہ شاہد آفریدی میرے فیورٹ سٹار ہیں۔
فخر زمان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ پہلے جب ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے تھے تو مختلف نمبر ملتے تھے،پھر جب پاکستان اے ٹیم میں آیا تو پوچھا گیا کہ آپ کو کون سا نمبر چاہیے، اس وقت مجھے 39نمبر کا آپشن دیا گیا اور میں نے یہ نمبر اس لئے لیا کیونکہ جب میں پاکستان نیوی میں گیا تو اس وقت میرے کمرے کا نمبر بھی 39تھا۔
شاداب خان
شاہینوں کے نائب کپتان شاداب خان نے اپنی شرٹ کے نمبر کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ میری شرٹ کا نمبر پہلے 29 تھا لیکن میں نےتبدیل کرکے 7نمبر لیا،مجھے یہ نمبر پسند تھا اور میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اسی نمبر کو لیکر اچھی پرفارمنس دوں۔
شعیب ملک
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ میری شرٹ کا نمبر 18 ہے اور جب میں انٹرنیشنل کرکٹ میں آیا تو تب سے مجھے یہی نمبر ملا تھا لیکن درمیان میں کچھ نمبر تبدیل کئے مگر اب پھر سے اسی نمبر کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا ہوں جبکہ میرے نمبر کی کہانی کے پیچھے کوئی بڑا راز نہیں ہے اور بس مجھے یہ نمبر پسند ہے۔
آصف علی
ٹی 20ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچز کے ہیرو آصف علی نے اپنےشرٹ نمبر کی کہانی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ میری شرٹ کا نمبر 45ہے اور اس نمبر کی وجہ کوئی بھی نہیں ہے ،پی سی بی نے مجھ سے پوچھا تھا اور میں نے یہ نمبر لے لیا۔اب اس نمبر کے ساتھ میرا لگاؤ بن چکا ہے اور جو بھی آٹو گراف لیتا ہے میں ساتھ 45نمبر ضرور لکھتا ہوں۔
حارث رؤف
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بتایا کہ پی سی بی نے مجھے جو شرٹ نمبر دیا وہ 97ہے لیکن میں نے ان سے کسی اور نمبر کی درخواست کی تھی جیسے میرا پی ایس ایل میں نمبر 150 ہے۔
حارث رؤف نے 150 نمبر کے پیھچے کہانی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب میں پلیئرز ڈیویلمپنٹ پروگرام(پی ڈی پی ) کے تحت سلیکٹ ہوا تھا تو اس وقت میں نے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروائی تھی جس کی وجہ سے میں سلیکٹ ہوا تھا،زیادہ تر لڑکے مجھے 150 ہی کہتے ہیں۔