نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انتہا پسندوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو مذہب کی بنیاد پر ہدف بنانا گھٹیا ترین عمل ہے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ محمد شامی سمیت ہر پلیئر جو فیلڈ پر موجود ہے، اس کے ہونے کی کوئی وجہ ہے، سوشل میڈیا پر بیٹھے بزدل لوگ جس کو چاہتے ہیں ہدف بنا دیتے ہیں ، یہ عمل ایک معاشرتی بیماری بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں فضول لوگوں پر ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرنا چاہتا۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان سے عبرتناک شکست کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے مسلمان کرکٹر محمد شامی کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم شروع کردی تھی۔
ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے بھارت کی شکست کا سارا ملبہ بولر محمد شامی پر ڈالا گیا اور پاک بھارت میچ کے اختتام پر محمد شامی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر گالیوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
اس کے علاوہ محمد شامی کو انتہا پسندوں کی جانب سے برے القابات کہے گئے، کسی نے انہیں پاکستانی جاسوس کہا تو کسی نے پاکستان کے ساتھ مفت کھیلنے کا مشورہ دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 24 اکتوبر کو بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی ۔