نیا گیند کروانے کے لیے خصوصی پریکٹس کرتا ہوں:شاہین شاہ آفریدی

Published On 29 October,2021 05:16 pm

دبئی:(دنیا نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ نیا گیند کروانے کے لیے خصوصی پریکٹس کرتا ہوں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے حریف ٹیموں کے بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچوانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کسی بھی باؤلر کے لیے اننگز کے آغاز میں نئے گیند کو کنٹرول کرنا آسان نہیں ہوتا جبکہ میں نیا گیند کروانے کے لیے خصوصی پریکٹس کرتا ہوں۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ کوشش یہی ہوتی ہے کہ نئے گیند کو آگے کروں تاکہ بیٹرز کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے ،بحیثیت باؤلر نئے گیند سے جلد وکٹیں گرانا میرا ہدف ہوتا ہے جبکہ مختلف کنڈیشنز میں نیا گیند پھینکنے کے لیے مختلف حکمت عملی بناتا ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ کوشش کرتا ہوں اپنی فیلڈ خود سیٹ کروں، میرا کام صرف گیند پھینکنا ہے، ان سوئنگ ہو یا آؤٹ سوئنگ جس پر وکٹ ملے وہی اچھی گیند بن جاتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کے خلاف ٹی 20ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3سورماؤں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
 

Advertisement