دبئی:(دنیا نیوز) گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے ہیرو فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کہا ہے کہ میرے کیرئیر کا پہلا مین آف دی میچ ہے جس پر بہت فخر ہے، خواہش تھی کہ پاکستان کیلئے میچ وننگ پرفارمنس دوں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں حارث رؤف نے کہا کہ ٹیم کا ایک کلچر بن رہا ہے کہ ہر کھلاڑی نے اپنی پرفارمنس دینی ہے جبکہ ٹی 20 میں ہر ایک کھلاڑی پرفارمنس نہیں دے سکتا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی پرفارم کررہا تو دیگر اس کو سپورٹ کرتے ہیں جبکہ مارٹن گپٹل میرے آنے سے پہلے اچھا کھیل رہا تھا اور کوشش تھی کہ اس کی باڈی پر گیند کروں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دیکر میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کی جبکہ اس میچ کے ہیرو حارث رؤف تھے جنہوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے 4کیویز کھلاڑیوں کا شکار کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔