یقین تھا میچ ہم ہی جیتیں گے:آصف علی

Published On 29 October,2021 10:54 pm

دبئی:(دنیا نیوز)افغانستان کے خلاف میچ کے ہیرو آصف علی نے کہا ہے کہ یقین تھا میچ ہم ہی جیتیں گے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان اور افغانستان کے مابین ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں سنسنی خیز مرحلے پر آصف علی نے چار گیندوں پر 4چھکے لگا کر گرین شرٹس کو مسلسل تیسری کامیابی دلوائی،انہوں نے 7گیندوں پر 25رنز کی فتح گر اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی ، جس میں کامیابی ملی ،یقین تھا کہ میچ ہم ہی جیتیں گے جبکہ میچ جیتنے پر پورے پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے گفتگو کے دوران کہا کہ جب میچ سنسنی خیز ہورہا تھا تومیں نے شعیب ملک کو کہا کہ اگر مجھے ایک اوور میں 25رنز بھی بنانا پڑے تو میں بناسکتا ہوں،اسی دوران شعیب ملک جب آؤٹ ہوئے تو انہوں نے مجھے کہا کہ آخری گیند تک کھیلنا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے ،اس سے قبل میگا ایونٹ میں گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

 

Advertisement