لاہور: (ویب ڈیسک) بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈکپ کے تینوں میچز میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوائی تاہم یہاں بتاتے چلیں کہ قومی ٹیم کے کپتان کے والد اعظم صدیقی نے کہا کہ جس روز بھارت کے خلاف میچ تھا اس دن اہلیہ وینٹی لیٹر پر تھیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بھارت کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے پہلے میچ میں نئی تاریخ رقم کی تھی۔ ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دینے اور پھر جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان کے ساتھ مل کر بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے ہدف حاصل کرنے والے بابراعظم نے نصف سینچری اننگز کھیلی تھی۔
بابراعظم کے والد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اہلیہ اور بیٹے کی تصویر شیئر کی تو ساتھ بیان میں لکھا کہ انکی اہلیہ کیوں ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں اور بیوی کو بستر علالت پر چھوڑ کر وہ خود میچ دیکھنے کے لیے دبئی کیوں گئے تھے۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ آپ سب کو تینوں کامیابیاں مبارک ہوں۔ جس روز انڈیا سے میچ تھا اس دن ہمارے گھر پر بڑا امتحان تھا۔ بابر کی والدہ آپریشن کے بعد وینٹی لیٹر پر تھیں۔ میرے بیٹے نے یہ تینوں میچ بڑی پریشانی میں کھیلے۔
سٹیڈیم میں اپنی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے بابر اعظم کے والد نے لکھا کہ میرا یہاں آنا نہیں بنتا تھا لیکن میں اس لیے آیا کہ بابر کہیں کمزور نہ پڑ جائے۔ خدارا اپنے ہیروز کا بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہ بنایا کریں، علم ہے مرے بغیر جنت نہیں ملتی اگر مقام ملتا ہے تو امتحان بھی دینے پڑتے ہیں۔