لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو8وکٹوں سے شرمناک شکست دے دی ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 28واں میچ کھیلا گیا جس میں بھارت نے کیویز کے خلاف ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کی۔
سورماؤں کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 110رنز بنائے،رویندرا جدیجا نے سب سے زیادہ 26رنز بنائے جبکہ ہاردیک پانڈیا 23سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے،کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور ایش سوڈھی نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
111رنز کا ہدف نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلہ بناتے ہوئےصرف 2وکٹ کے نقصان پر14اعشاریہ 3اوورز میں حاصل کرلیا،کیویز کی جانب سے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹر مارٹن گپٹل تھے جو کہ 20رنز بناکر بھمراہ کی گیند پر شردل ٹھاکر کو کیچ دے بیٹھے،ڈیرل مچل دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے جو 49رنزبناسکے،کپتان کین ولیمسن 33سکور بنا کر ناقابل شکست رہے۔
بھارت سکواڈ
بھارت کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما ، کے ایل راہول ،ویرات کوہلی ، ایشان کشن، رشبھ پنت، ہاردیک پانڈیا ، رویندرا جدیجا ، شردل ٹھاکر ، محمد شامی ،جسپریت بھمرا اور ورن چکرورتی شامل تھے۔
نیوزی لینڈ سکواڈ
نیوزی لینڈ پلئنگ الیون میں مارٹن گپٹل ، ڈیرل مچل ، کین ولیمسن ، ڈیون کونوے ،گلین فلپس ، جیمی نیشم ، مچل سینٹنر،ایڈم مائلن ، ٹم ساؤتھی ،ایش سوڈھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔
واضح رہے کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں 10وکٹوں کی شرمناک اور عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا۔